چڑیا کی نصیحتیں


Jalaluddin rumi story

چڑیا کی تین نصیحتیں

ایک شخص نے چڑیا پکڑنے کےلئے جال بچھایا. اتفاق سےایک چڑیا اس میں پھنس گئی اور شکاری نے اسے پکڑ لیا.

چڑیا نے اس سے کہا :  ” اے انسان ! تم نے کئی ہرن ‘ بکرے اور مرغ وغیرہ کھاۓ ہیں، ان چیزوں کے مقابلے میں میری کیا حقیقت ہے . ذرا سا گوشت میرے جسم میں ہے اس سے تمہارا کیا بنے گا۔؟ تمہارا تو پیٹ بھی نہیں بھرے گا ، لیکن اگر تم مجھے آزاد کردو تو میں تمہیں تین نصیحتیں کرونگی جن پر عمل کرنا تمہارے لئے بہت مفید ہوگا۔

ان میں سے ایک نصیحت تو میں ابھی کروں گی۔

جبکہ دوسری اس وقت جب تم مجھے چھوڑ دو گے اور میں دیوار پر جا بیٹھوں گی۔

 اس کے بعد تیسری اور آخری نصیحت اس وقت کروں گی جب دیوار سے اڑکرسامنے درخت کی شاخ پر جا بیٹھونگی۔

اس شخص کے دل میں تجسس پیدا ہوا کہ نہ جانے چڑیا کیا فائدہ مند نصیحتیں کرے ،

 اس نے چڑیا کی بات مانتے ہوئے اس سے پوچھا :  تم مجھے پہلی نصیحت کرو ‘ پھر میں تمہیں چھوڑ دونگا  ۔

چنانچہ چڑیا نے کہا :  میری پہلی نصیحت یہ ہے کہ "جو بات کبھی نہیں ہو سکتی اسکا یقین مت کرنا"۔

یہ سن کر اس آدمی نے چڑیا کو چھوڑ دیا اور وہ سامنے دیوار پر جا بیٹھی۔

پھر بولی :  میری دوسری نصیحت یہ ہے کہ "جو بات ہو جاۓ اسکا غم نہ کرنا"۔

اور پھر کہنے لگی : "اے بھلے مانس! تم نے مجھے چھوڑ کر بہت بڑی غلطی کی، کیونکہ میرے پیٹ میں پاؤ بھر کا انتہائی نایاب پتھر ہے ۔ اگر تم مجھے ذبح کرتے اور میرے پیٹ سے اس موتی کو نکال لیتے تو اس کے فروخت کرنے سے تمہیں اس قدردولت حاصل ہوتی کہ تمہاری آنے والی کئی نسلوں کے لئے کافی ہوتی"۔

اس شخص نے جو یہ بات سنی تو لگا افسوس کرنے اور پچھتایا کہ اس چڑیا کو چھوڑ کراپنی زندگی کی بہت بڑی غلطی کی اگر اسے نہ چھوڑتا تو میری نسلیں سنور جاتیں۔

چڑیا نے اسے اس طرح سوچ میں پڑے دیکھا تو اڑ کر درخت کی شاخ پرجا بیٹھی اور بولی : اے بھلے مانس! ابھی میں نے تمہیں پہلی نصیحت کی جسے تم بھول گئے کہ "جو بات نہ ہوسکنے والی ہو اسکا ہر گز یقین نہ کرنا"۔ لیکن تم نے میری اس بات کا اعتبار کرلیا کہ میں چھٹانک بھر وزن رکھنے والی چڑیا اپنے پیٹ میں پاؤ وزن کا موتی رکھتی ہوں، کیا یہ ممکن ہے ؟۔

میں نے تمہیں دوسری نصیحت یہ کی تھی کہ " جو بات ہو جاۓ اسکا غم نہ کرنا"۔

 مگر تم نے دوسری نصیحت کا بھی کوئی اثر نہ لیا اور غم و افسوس میں مبتلا ہو گئے کہ خواہ مخواہ مجھے جانے دیا۔

تمہیں کوئی بھی نصیحت کرنا بالکل بیکار ہے، تم نے میری پہلی دو نصیحتوں پر کب عمل کیا جو تیسری پر کرو گے تم نصیحت کے قابل نہیں۔

یہ کہتے ہوۓ چڑیا پُھر سے اُڑی اورہوا میں پرواز کر گئی وہ شخص وہیں کھڑا چڑیا کی باتوں پر غور و فکر کرتے ہوۓ سوچوں میں کھو گیا ۔!!

وہ لوگ خوش نصیب ہوتے ہیں جنہیں کوئی نصیحت کرنے والا ہو۔۔ ہم اکثر خود کو عقلِ کل سمجھتے ہوۓ اپنے مخلص ساتھیوں اور بزرگوں کی نصیحتوں پر کان نہیں دھرتے اور اس میں نقصان ہمارا ہی ہوتا ہے۔

(حکایتِ روُمی )

چڑیا
اچھا انسان وہ ہوتا ہے ، جو چھوٹی چھوٹی باتوں سے نصیحت پکڑتا ہے۔
وہ قصوں ، کہانیوں کو محض تفنن ِ طبع کے لیے نہیں پڑھتا ،
 بلکہ ان میں پنہاں سبق اور نصیحت پر عمل کرکے اپنی اصلاح کرتا ہے ۔

Comments

Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...

More post for you might like it

Watermelon a symbol of Summer

Mint and Cucumber detox water

Unique secret of a Healthy Life from Basil Seeds

Break The Silence

مٹی کا گھروندا یا جنت کا محل

Repentance, The act of seeking forgiveness

سلام کو عام کرو

Mango is a true symbol of the season.

Unlocking Cardamom's Secret to a Healthy Life